اوکاڑہ اور پھولنگر میں مبینہ مقابلوں کے دوران ایک زخمی سمیت 3 ملزم گرفتار

Published On 11 June,2024 06:38 am

اوکاڑہ: (دنیا نیوز) اوکاڑہ اور پھولنگر میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک زخمی سمیت 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے علاقے تھانہ گوگیرہ کی حدود میں 2 مسلح ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کرنے کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے تعاقب کیا تو ملزموں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا، گرفتار ملزم سے چھینی گئی موٹرسائیکل، نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا۔

دوسری جانب پھول نگر میں پولیس نے کارروائی کر کے منشیات سپلائی کرتے ہوئے 2 ملزم گرفتار کر لیے، ملزمان کے قبضہ سے 5 کلوگرام چرس برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا، ملزمان عرصہ دراز سے پھولنگر اور گردونواح میں منشیات سپلائی کر رہے تھے۔