ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال آتشزدگی: وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پرچاروں ڈاکٹرزگرفتار

Published On 14 June,2024 02:44 pm

ساہیوال: (دنیانیوز) ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں آتشزدگی سے بچوں کی ہلاکت کے معاملہ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر چاروں ڈاکٹرز گرفتارکرلیے گئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازآج ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال پہنچیں جہاں انہوں نے آگ لگنے سے بچوں کی ہلاکت کے بارے میں معلومات حاصل کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آمد پر ٹیچنگ ہسپتال میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، پولیس نے مریضوں ، لواحقین اور تیمار داروں کو ہسپتال میں داخلے سے روک دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے چار گھنٹے کے طویل انکوائری اجلاس میں پرنسپل ، ایم ایس ، اے ایم ایس اور ایڈمن افسر سے باز پرس کی گئی ۔

وزیراعلیٰ نے ملازمتوں سے برخاست کرنے اور گرفتار ی کا حکم دے دیا ، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محکمہ صحت کے حکام کی سرزنش کرتے ہوئےساہیوال سانحہ کی تمام انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر 4 ڈاکٹرز سمیت 10 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس  ، پرنسپل میڈیکل کالج ڈاکٹرعمران حسن، ایم ایس ڈاکٹر محبوب، ڈاکٹر عمر اور ڈاکٹر عثمان کو گرفتار کرکے روانہ ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں :ساہیوال: ٹیچنگ ہسپتال میں آگ، دھوئیں سے متاثرہ مزید 2 بچے چل بسے، اموات 9 ہوگئیں

ادھر  ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج پر پولیس کی بھاری نفری ہسپتال پہنچ گئی ، ڈاکٹروں اور پیرامیڈکس سٹاف پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ  چند روز قبل پنجاب کے ضلع ساہیوال کے ٹیچنگ ہسپتال میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ اور دھوئیں کے اثرات سے 9 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے۔