وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں ٹریفک رسپانس یونٹ لانچ کر دیا

Published On 12 June,2024 09:57 am

لاہور : (دنیانیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں ٹریفک رسپانس یونٹ لانچ کر دیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹریفک رسپانس یونٹ بائیک کا معائنہ کیا اور وارڈن سے بات چیت ، ٹریننگ اور دیگر اُمور بارے  دریافت کیا، انہوں  نے ٹریفک جام کی صورت میں پبلک ایڈریس کے ذریعے میسج کا بھی مشاہدہ کیا۔

ٹریفک رسپانس یونٹ کی لانچنگ کے بعد وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی اجلاس منعقد ہوا، وزیراعلیٰ نے لاہور میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کردی، اجلاس میں ٹریفک کی روانی میں حائل ریڑھیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا،وزیراعلیٰ مریم نواز نے ریڑھیوں کے لئے متبادل جگہ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے لین لائن ڈسپلن ہر صورت یقینی بنانے اور رکشہ اور موٹر بائیک کو لین کی پابندی کیلئے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی، اجلاس کے دوران لاہور میں انٹیلی جنس ٹریفک سگنل مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا جبکہ سڑکوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے مؤثر اور پائیدار پلاننگ کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹریفک رہنمائی کے لئے نصب سکرینیں بھی بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

اجلاس میںسی ٹی اوعمارہ اظہر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خصوصی ٹریفک رسپانس یونٹ 15 کال پر ٹریفک جام والے ایریا میں پہنچے گا، 50ہیوی بائیک اور100 وارڈنز پر مشتمل سپیشل یونٹ ٹریفک کلیئر کرنے کےلئے فوری کارروائی کرے گا، ٹریفک رسپانس یونٹ کو ایک ماہ کے لئے سپیشل ٹریننگ کرائی گئی ہے۔

سی ٹی او نے مزید بتایا کہ  ٹریفک رسپانس یونٹ کو ریڈ کریسنٹ سے فرسٹ ایڈ کورس بھی کرایا گیا، ہر موٹر بائیک پر پبلک ایڈریس سسٹم اور فرسٹ ایڈ باکس بھی نصب ہونگے، ٹریفک وارڈن خصوصی کیمرے کے ذریعے ریکارڈنگ بھی کرے گا۔