سکھر: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزارتیں لیں گے تو ہم اسمبلی میں مشورے نہیں دے پائیں گے، جب کشکول ہاتھ میں ہوگا تو بجٹ کیسے اچھا ہو گا، بہتر بجٹ کیلئے ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا پڑے گا، تب پاکستان مسائل سے پاک ہو گا، عید کے دن آنے والے عوام کو ملنا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سیاست میں جو منشور دیا جائے اس پر عمل کرنا چاہیے جو آج کل افسوس سے بہت کم ہو رہا ہے، عمران خان نے جو کہا اس پر ایک پرسنٹ بھی عمل نہیں کیا، یہ اس کیلئے مسئلہ ہے، جیل میں رہ کر عمران خان نے کچھ نہیں سیکھا، ان کا جیل میں رہنا بلیسنگ ہے، ہم نے جیل میں رہ کر بہت کچھ سیکھا ہے، سیاست رواداری کی ہونی چاہیے نا کہ انتقام کی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ فلسطین کی مدد تمام اسلامی ملکوں کو کرنی چاہیے لیکن مسلمانوں کی بے بسی ہے، امریکا اور یورپ کے ملک اسرائیل کی مدد کر رہے ہیں، مسلمانوں میں ذوالفقار علی بھٹو اور شاہ فیصل جیسا کوئی پیدا ہونا چاہیے، ایران اور سعودی عرب قریب آرہے ہیں، بھٹو نے 74 میں تمام مسلمان ملکوں کو ساتھ جوڑنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے آج ہمارے بیچ میں نہیں ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کرکٹ ٹیم کے اندر بہت گروپنگ ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو اسے احتیاط کیساتھ ختم کرنا ہو گا، ٹیم سلیکشن کرنے کیلئے سینئرز کھلاڑیوں سے مشاورت کی جائے، سندھ میں بھی کرکٹ کا ٹیلنٹ موجود ہے، ٹیلنٹ کو آگے لانا چاہیے، کرکٹ کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے، سیاست اچھی ہوتی ہے لیکن کہیں پر پسند نا پسند کی بات آجاتی ہے۔