لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم الحرام، فلڈ اور ممکنہ بارشوں کے باعث پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں عید الاضحیٰ اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے مجموعی پرفارمنس کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نوازشریف نے عید پر عمدہ کارکردگی پر ڈپٹی کمشنرز اور ان کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دل سے اپنی پوری ٹیم سے خوش ہوں اور انہیں شاباش دیتی ہوں، اسی جوش و جذبے سے عوام کی خدمت کا سفر جاری رہنا چاہیے، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنر ہفتے میں ایک دن عوام کیلئے مخصوص کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور سکولوں کے باقاعدگی سے وزٹ کریں، بلڈنگ ، بجلی وائرنگ اور دیگر امور کے بارے میں رپورٹ لی جائے، ہر ڈسٹرکٹ میں عید کی طرح مانیٹرنگ کے لئے مستقل کنٹرول روم ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی کارکردگی کو بھی سراہا، مریم نوازشریف نے انچارج سی ایم کمپلینٹ سیل شعیب مرزا اور معاون خصوصی ذیشان ملک کو بھی شاباش دی۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیا، عوامی نمائندوں اور عوام کی طرف سے عید کی صفائی پر مثبت رد عمل کا مظاہرہ کیا گیا، قائد محمد نوازشریف نے خود وزٹ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا اور سراہا، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی تعریف ہمارے لئے اعزاز کے مترادف ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عید پر صفائی کا جو معیار قائم کیا گیا اسے ہر صورت قائم رکھنا ہوگا، شہروں، قصبات اور دیہات میں صفائی کے انتظامات صرف تسلی بخش ہی نہیں بلکہ بہترین تھے، آلائشیں اٹھانے کے بعد پہلی مرتبہ سڑکیں دھو کر سپرے کیا گیا اور عرق گلاب ملا پانی سے چھڑکاؤ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ اور اہلکاروں نے اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دیئے اور ڈیوٹی کے ساتھ پورا انصاف کیا، بسوں کے کرایہ کم کرانے کے لئے ڈپٹی کمشنرز اور ان کی ٹیم نے خوب کام کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ محرم الحرام، فلڈ اور ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پیشگی انتظامات کئے جائیں، عام آدمی کو بنیادی اشیاء خورونوش کی سستے داموں فراہمی کے لئے پائیدار میکانزم بنایا جائے، ایک وزیر اعلیٰ نے حسرت سے کہا کہ کاش ہماری بیوروکریسی اور ایڈمنسٹریشن پنجاب کی طرح ہوجائے۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ کسی کے ساتھ سختی سے پیش نہیں آنا چاہتی، سختی کروں تو دل پر بوجھ ہوتا ہے، عوام کے حقوق کے سلسلے میں اللہ تعالیٰ اور قوم کو جوابدہ ہوں، عوام کا مفاد اور سہولت ہر امر پر مقدم ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق، معاون خصوصی ذیشان ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ایڈیشنل آئی جی، سیکرٹریز، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال اور دیگر بھی موجود تھے، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔