کل جماعتی حریت کانفرنس تشدد کا شکار افراد کے عالمی دن پر تقریب منعقد کریگی

Published On 22 June,2024 05:04 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر لبریشن سیل، پاسبان حریت، آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے تعاون سے تشدد کے شکار افراد کی حمایت میں اقوام متحدہ کے عالمی دن 26 جون کو مظفر آباد میں ایک عوامی اجتماع منعقد کرے گی۔

تقریب کا بنیادی مقصد عام طور پر تشدد کا نشانہ بننے والوں اور خاص طور پر جعلی الزامات کے تحت بھارتی جیلوں میں بند لوگوں کی حالت زار کو اجاگر کرنا ہے۔

امید کی جا رہی ہے کہ یہ تقریب بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں لوگوں کی حالت زار پر آزاد جموں و کشمیر اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی پوری قیادت کو اکٹھا کرے گی۔

یہ تقریب ان لوگوں کیلئے رد عمل ثابت ہو گی جو اختلافات کے بیج بونے کی کوشش کرتے ہیں، اس سلسلہ میں 25 جون کو آل پارٹیز حریت کانفرنس مذکورہ تقریب کے حوالے سے پریس کانفرنس بھی کرے گی۔

پریس کلبوں کی معاونت سے کشمیر کاز کے پروجیکشن کے سلسلے میں اسی طرح کی تقریبات کا منصوبہ وفاقی اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں کیا جا رہا ہے۔