آصفہ بھٹو کا بجٹ ترجیحات میں کسانوں اور عام آدمی کو ریلیف دینے کا مطالبہ

Published On 23 June,2024 06:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو نے کہا کہ بجٹ کی ترجیحات میں کسان اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا چاہئے تھا۔

رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو نے قومی اسمبلی میں بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کیا پاکستان کے لوگ اس عوام دشمن بجٹ کے مستحق ہیں؟ ہمیں عام آدمی کے ریلیف کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔

آصفہ بھٹو نے کہا کہ ہمیں کسان کو مضبوط کرنا ہوگا، کسان کو کبھی سیلاب اور کبھی گندم درآمد کرنے کا مسئلہ ہے، ہمیں ملک کے غریب سے غریب شہری کو سہولیات فراہم کرنا ہوں گی، ہمیں پاکستان اور قوم کی خوشحالی کیلئے کام کرنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس گرمی میں سندھ میں بجلی نہیں ہے، اس قیامت خیز گرمی میں 15 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ عذاب ہے۔