مظفر آباد :(دنیا نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر متنازعہ علاقہ ،بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔
مظفر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت نے غیر قانونی اقدامات کیے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں وہی کچھ کررہا ہے جواسرائیل نے فلسطین میں کیا، انسانی حقوق کے ادارے کشمیریوں پرظلم وستم کانوٹس لیں،بھارتی قبضےکے خاتمے، حصول حق خود ارادیت تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اقدامات واپس اور بات چیت پر آمادہ کیا جائے، بھارت نے اپنے غلط اقدامات دنیا کے سامنے صحیح پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کہیں سے بھی آوازیں اٹھائی گئیں تو ان کو دبا دیا گیا، جیل کے دروازے کھول دیئے گئے اور اس وقت ہزاروں کی تعداد میں حریت قائدین گرفتار ہیں صرف اس لیے کہ وہ جموں و کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں سمجھتے بلکہ متنازع حصہ سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 26 جون کو اقوام متحدہ کا تشدد سے متاثرین کا عالمی دن ہے اور اسی مناسبت سے ہم اس تشدد کا پردہ چاک کرنے چاہتے ہیں جس کے نیتجے میں کشمیری قائدین کو قتل کیا گیا، لوگوں کو جیلوں میں شہید کردیا گیا۔، بچے، بڑے قید و بند برداشت کر رہے ہیں اور ان کے اہل خانہ کو بھی اذیت دی جارہی ہے، یاسین ملک کو بھی تہاڑ جیل میں قید کردیا گیا ہے۔