مظفرآباد: جدید سہولیات سے آراستہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح

Published On 22 June,2024 11:43 am

‎مظفر آباد: (محمد اسلم میر) افواج پاکستان کے ادارے ‎سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عمر احمد شاہ نے ایس سی او اور ریڈ فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے دارالحکومت مظفرآباد میں جدید سہولیات سے آراستہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کر دیا۔

‎سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے ذریعے آئی ٹی کے ہونہار طلبا و طالبات اور نوجوانوں کو تیز ترین انٹرنیٹ ،کمپیوٹرز اور آئی ٹی کے متعلقہ سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔

‎اس موقع پر سیکٹر کمانڈر ایس سی او آزاد جموں و کشمیر نے ‎سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک ‎پر ‎بریفننگ دی اور بتایا کہ اس پارک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ترقی کے ساتھ ساتھ یہاں سے تیار ہونے والے سافٹ ویئرز کو بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہو گی۔

ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے مختلف شعبے دیکھے اور اس کی بروقت تکمیل پر ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے لیے معاشی خوشحالی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

‎ڈائریکٹر جنرل ایس سی او نے کہا کہ اس طرح کے منصوبوں کا دائرہ کار مستقبل میں آزاد کشمیر کے اضلاع، تحصیل لیول اور اہم ‎قصبات تک بڑھائیں گے، ‎اس طرح کے جدید آئی ٹی کے مراکز سے بے روزگاری کو بھی ‎ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی او آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر اور جی بی میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کا جھال بچھائے گی اور دونوں علاقوں میں اس وقت 30 سے زائد آئی ٹی پارکس کام کر رہے ہیں۔

ڈی جی ایس سی او نے مزید کہا کہ ‎یونیورسٹی، سکولز، کالجز کے طلبہ و طالبات، آئی ٹی پروفیشنلز اور فری لانسرز بھی اس سے استفادہ حاصل کرسکیں گے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس اہم منصوبے سے آزاد جموں و کشمیر میں جہاں روزگار کی سہولیات میسر ہوں گی وہاں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے اہم پیشرفت بھی ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی او کی کوشش ہے کہ جدت اور ترقی کے موجودہ دور میں نوجوانوں کو آئی ٹی سے متعلق تیز ترین انٹرنیٹ کینکٹیوٹی، پاور بیک اپ سمیت جدید ترین سہولیات سے آراستہ ٹیکنالوجی پارکس مہیا کیے جائیں تاکہ فری لانسرز، کاروباری اور پیشہ ور افراد کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔