کراچی: مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ، شہریوں کا احتجاج، سڑک بند کر دی

Published On 27 June,2024 05:01 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، لیاقت آباد، بی ون ایریا، شیش محل اور اطراف کے علاقوں کی بجلی بند کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے شدید گرمی میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، رات گئے ایک مرتبہ پھر کراچی کے مختلف علاقوں کی بجلی بند کر دی گئی، بجلی بندش کی وجہ سے شہریوں کو گرمی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف کراچی کے علاقوں لیاقت آباد اور غریب آباد کے مکین سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا، غریب آباد میں بڑی تعداد میں شہریوں نے رکاوٹیں کھڑی کر کے مین شاہراہ پاکستان کو بند کر دیا، مظاہرین نے ٹائر جلا کر بھرپور نعرے بازی کی۔

حسن اسکوائر سے لیاقت آباد 10 نمبر سے حسن کو جانے والی سڑک بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مظاہرین نے موقف اختیار کیا کہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ پوری رات جاری رہتا ہے، اعلیٰ حکام نوٹس لیں۔