منڈی بہاؤالدین : (دنیانیوز) ایف آئی اے گجرات سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے منڈی بہاؤالدین سے 2 انسانی سمگلرز گرفتار کرلیے ۔
حکام کے مطابق انسانی سمگلرز کی شناخت بشارت علی اور محمد منشا کے نام سے ہوئی ، ملزمان کو ایف آئی اے گجرات سرکل نے منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کیا ۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان انسانی سمگلنگ اور فراڈ میں ملوث پائے گئے، ملزمان نے شہریوں سے اٹلی کا ورک ویزہ فراہم کرنے کے لیے کروڑوں روپے بٹورے ، گرفتار ملزم بشارت نے شہری سے 11 لاکھ روپے سے زائد اور جبکہ ملزم منشاء نے 75 لاکھ روپے وصول کئے۔
حکام کا بتانا ہے کہ ملزمان نے متاثرہ شہریوں کو اٹلی کے بجائے لیبیا بھیج دیا، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں۔