چمن: (دنیا نیوز) مشرقی بلوچستان کے کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند ہیں اور بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔
کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش کے باعث کوئٹہ، چمن، ژوب مغل کوٹ سیکشن پر کوہ سلیمان کے دانہ سر رینج کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ژوب ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ دھانہ سر کے مقام پر بند ہے۔
بلوچستان کو خیبرپختونخوا سے ملانے والی این 70 ہائی وے بھی ٹریفک کیلئے بند ہے جبکہ بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔
پی ڈی ایم اے حکام نے پشاور، سوات، اسلام آباد اور پنڈی سے آنے والی ٹرانسپورٹ ڈی آئی خان پر روکنے کی ہدایات کی ہے، ژوب اور قلعہ سیف اللہ جانے والی ٹرانسپورٹ کو بھی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق پھنسے مسافروں کو ریسکیو و ریلیف کیلئے ٹیمیں روانہ ہوگئی ہیں، ہیوی مشینری کے ذریعے شاہراہ کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ضلع آواران کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی ہے، سیڈ ندی میں طغیانی کے باعث آواران کا جھاؤ سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
لیویز حکام کے مطابق وھلی ندی میں طغیانی کے باعث آواران تربت روڈ بھی ٹریفک کیلئے بند ہوگئی، بلوچستان میں 5 روز سے جاری بارشوں سے اموات کی تعداد 7 ہوگئی ہے جبکہ 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔