لاہور: (دنیا نیوز) کراچی کے بعد پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین نے سب ڈویژن بہار کالونی کا دروازہ توڑ دیا جبکہ حیدر آباد میں نیا ٹرانسفارمر لگنے پر شہریوں نے جشن منایا۔
حکومت کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، وزیر اعظم شہباز شریف کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن کے ملحقہ علاقے بھی تاریکی میں ڈوب گئے، ماڈل ٹاؤن ایس بلاک، بہار کالونی، عمر کالونی سمیت کئی علاقوں میں رات کو بجلی کی طویل بندش ہوئی۔
طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پریشان شہری گھروں سے نکل آئے اور شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے سب ڈویژن بہار کالونی کا گھیراؤ کر لیا، اس دوران مشتعل مظاہرین نے دروازہ توڑ دیا، سب ڈویژن بہار کالونی کا عملہ شہریوں کو غصے میں دیکھ کر دفتر بند کر کے فرار ہو گیا۔
دوسری جانب شہر قائد کراچی میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی سے تنگ شہریوں کا پارا ہائی ہو گیا، لیاقت آباد کے مکینوں نے کے الیکٹرک کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور دیواروں پر چڑھ گئے، مشتعل مظاہرین نے دفتر پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
شفیق موڑ کے قریب بھی اہل علاقہ نے بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا جس کی وجہ سے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، احتجاج کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر حیدر آباد میں جلا ہوا ٹرانسفارمر تبدیل کرنے پر شہریوں نے جشن منایا، نیا ٹرانسفارمر آنے پر شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پیسے بھی لُٹائے، نورانی بستی لیاقت کالونی کے علاقے کا ٹرانسفارمر 4 روز قبل خراب تھا۔