اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے کہا کہ کورٹ کا جو رویہ ہے وہ انتہائی غلط ہے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس چاہتے ہیں کہ معاملات لٹکتے رہیں، ہیومن رائٹس کی رپورٹ پر ان کو غور کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ اس طرح کے رپورٹس کا خیر مقدم کیا ہے، ان رپورٹس کا مطلب اندورنی معاملات میں مداخلت نہیں بلکہ سچائی کو سامنے لانا ہے، پاکستان کے عوام آزادی اظہار رائے چاہتی ہیں، پاکستان کے لوگ صاف و شفاف انتخابات کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹ کو چھپانے کیلئے جھوٹ پر جھوٹ بولا جارہا ہے، یو ایس کانگرس نے کہا پاکستان میں رول آف لا کو یقینی بنایا جائے، ایسا لگتا ہے حکومت وقت اپنی ہی ذہنیت میں پھنسی ہوئی ہے، انسان جھوٹ کو چھپانے کیلئے بھی جھوٹ بولتا ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ حکومت پاکستان کا بیانیہ جھوٹ پر جھوٹ بنا ہوا ہے، عوام اور ریاستی اداروں میں خلا پیدا ہو رہا ہے جو بڑے حادثے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، بانی پی ٹی آئی کو پچھلے 1 سال سے نہ حق جیل میں رکھا ہوا ہے۔
رؤف حسن نے مزید کہا کہ اس وقت ہم ایک ڈھلان کے اوپر ہیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ ہم تباہی کے قریب جا رہے ہیں، تمام مشکلات کا حل اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی کےعلاوہ کوئی کرائسز سے نہیں نکال سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے حکومت وقت اپنی ہی ذہنیت میں پھنسی ہوئی ہے، عوام اور ریاستی اداروں میں خلا پیدا ہو رہا ہے جو بڑے حادثے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔