کراچی: (دنیا نیوز) آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں آج بھی حریت رہنماؤں کو شہید کیا جارہا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر پاکستان کے رہنما غلام محمد صفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کوئی بھی سازش کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں دبا سکتی، ہر محاذ پر کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت اس تحریک کو دنیا میں دہشت گرد تحریک قرار دلانا چاہتا ہے، لیکن ہندوستان کی کوششیں ناکام ہوگئیں، وہ ڈراؤ دھماکو سے تحریک سے باز رکھنا چاہتا ہے، مودی نے دس لاکھ فوج کی نگرانی میں انتخابات کرائے، کشمیر کے لوگوں نے ان کو ووٹ دیئے جو جیل میں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یاسین ملک، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور سینکڑوں رہنما بدنام زمانہ جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں، 8 جولائی کو ہندوستان نے برہان مظفروانی کو شہید کیا، اس نے ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا تھا۔
حریت رہنما نے کہا کہ نوجوان طبقہ بھارت کے خلاف ہتھیار اٹھانے پر تیار ہوگیا، ہمارے لاکھوں لوگ شہید ہوئے ہیں، ہر محاذ پر جدوجہد جاری ہے، 8 جولائی کو ایک ریلی آرٹس کونسل سے پریس کلب تک نکالیں گے، ہم چاہتے ہیں تمام جماعتوں کے افراد اس میں شریک ہوں۔
غلام محمد صفی نے مزید کہا کہ ہم کہتے تو ہیں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، ریلی کے ذریعے ہم دنیا کو بتا بھی دیں گے کہ ہم متحد ہیں، ہم کشمیر کا کوئی ایسا حل قبول نہیں کریں گے جو کشمیریوں کی منشا کے بغیر ہو، رائے شماری کے ذریعے اس کا حل ہونا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ذریعے رائے شماری کرائی جائے، ہمارا تمام سیاسی و سماجی تنظیموں سے رابطہ ہے۔