لاہور: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے اوور بلنگ کے ذمہ داروں کے خلاف نتیجہ خیز کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
اپنے ایک بیان میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ بجلی کے صارفین پر اضافی یونٹس اور اوور بلنگ ظلم پر ظلم ہے، وزیرِاعظم شہباز شریف کا اووربلنگ کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ نتیجہ خیز ہونا چاہیے۔
لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلزمیں اضافی یونٹس ختم کر کے صارفین کو نئے بل جاری کیے جائیں، حکومت کو بجلی کے بلوں پر بھاری ٹیکسز بھی ختم کرنا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 12 جولائی کو اسلام آباد میں بجلی کی قیمتوں اور ٹیکسوں میں اضافے کے خلاف دھرنا ہو گا، عوام، تاجروں، صنعت کاروں اور ملازمت پیشہ افراد نے آئی ایم ایف کا حکومتی بجٹ مسترد کر دیا ہے۔