کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کراچی میں جماعتی حریت کانفرنس کے کنونیر غلام محمد صفی کی قیادت میں شہید برہان مظفر وانی کے یوم شہادت کے موقع پر ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں پاکستان کی سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، ریلی میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما ایڈووکیٹ پرویز احمد، اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین اور امتیاز وانی بھی شامل تھے، ریلی کے شرکاء نے کراچی آرٹس کونسل سے پریس کلب تک مارچ بھی کیا۔
ریلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی، متحدہ قومی موومنٹ کے امین الحق، جماعت اسلامی کے پرویز، راجہ اظہر، مفتی عثمان، سلیم الیاس، عبدالرحمان، فلسطینی فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر صابر ابو، ڈاکٹر مریم ، وزیر آزاد کشمیر امیر غفار لون،پیپلز پارٹی لائرزفورم کے صدر قاضی بشیر اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے نعرے بھی لگائے گئے، ریلی کے شرکاء نے برہان مظفر وانی کی تصاویر والے بینرز اٹھا رکھے تھے۔