لاہور: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے حکومت نہیں چل رہی، میں خود میدان میں آگیا ہوں، ہم حکومت گرانا اور بنانا جانتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلاول ہاؤس لاہور میں پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کے مقابلے میں نہیں ہے، ملک مشکل میں ہے، ہم سب نے اسے مل کر بچانا ہے، ہم اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ پنجاب کی قیادت ایک دوسرے کو نکالنے میں لگی ہوئی ہے، میں اپنی جماعت پر تنقید کو ثواب سمجھتا ہوں، ایک سابق وزیراعظم میں میں کرتا تھا آج جیل میں بیٹھا ہے۔
آصف علی زرداری نے حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے لے کر کیوں عوام سے امتحان لیا جارہا ہے، آپ آئی ایم ایف سے بات کیوں نہیں کرتے، آئی ایم ایف کو کمرے میں بٹھائیں اور ٹیبل ٹاک کریں، آپ سب تیار ہوجائیں ہم نے بہت کام کرنا ہے، ہم نوجوانوں کو آگے لائیں گے، پنجاب کی قیادت کیوں نوجوانوں کو موقع نہیں دے رہی؟
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیشہ پیپلزپارٹی ہی بہترین سیاسی رہنماؤں کو جنم دیتی ہے، میں نے ہمیشہ سیاست سکھائی ہے، میں نے پاکستان کی خاطر کھپے کا نعرہ لگایا، پیپلزپارٹی وہی جماعت ہے جو غریب عوام کو روزگار دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں تنظیم سازی کی رپورٹ مکمل کرکے فوری دیں،ہمیں ڈرائنگ روم کی سیاست نہیں کرنی اس سے باہر نکلنا ہے۔