کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ تاریخ کسی سے پوشیدہ نہیں، عمران خان پر کبھی کوئی دہشتگرد حملہ نہیں ہوا۔
سینئرصوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے کے پی میں دہشتگرد پیدا کرنے والے مدرسوں کی سرکاری سطح پر فنڈنگ کی گئی، اس سے بڑی شرمناک بات نہیں کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بنوں سے دہشتگرد اپنے ساتھیوں کو چھڑا کر لے گئے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ اے پی ایس پر حملہ بھی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ہی ہوا، پیپلزپارٹی کی قیادت ببانگ دہل دہشتگردی کی مذمت کرتی رہی ہے، عالم اسلام اور دنیا میں اس سے بڑا سانحہ نہیں کہ بی بی کو شہید کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ پہلے برسوں تک رجسٹریشن کے بغیر گاڑیاں چلاتے رہتے تھے، اب ایسا نہیں ہوگا، ساٹھ دن کے اندر گاڑی رجسٹرڈ کروانی ہوگی، وفاقی حکومت نے ایک لاکھ پچاس ہزار میٹرک ٹن چینی کی ایکسپورٹ کا کوٹہ دیا ہے، کابینہ نے اس کی مشروط منظوری دی ہے، جیسے ہی سٹے آرڈر ختم ہوگا حکومت چینی ایکسپورٹ کرے گی۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ انڈس ہائی وے پر دو پل بنانے کی منظوری کابینہ نے دی ہے، پلوں کی تعمیر پر دو اعشاریہ تین بلین کی لاگت آئیگی، سندھ اسمبلی اور سیکرٹریٹ کے ملازمین کی ہیلتھ انشورنس گورنمنٹ سٹیٹ لائف کمپنی سے ہوگی۔