اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا ہے کہ کچھ واقعات قوموں کی زندگی میں بڑی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، یوم شہدا کشمیر تحریک آزادی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
یوم شہداء کشمیر پر خصوصی پیغام میں چودھری انوار الحق نے کہا کہ یہ دن تحریک آزادی کشمیر میں خاص اہمیت کا حامل ہے، 13 جولائی 1931 کو کشمیری عوام نے شخصی حکمرانی کو للکارا اور مہاراجہ کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آج کا دن ان عظیم 22 کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ہے جنہوں نے اذان کی تکمیل کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے۔
چودھری انوارالحق نے کہا کہ شہداء میں سے کسی ایک کی بھی پیٹھ پر گولی نہیں لگی بلکہ سب نے سینے پر گولیاں کھائیں، آزادی کے لئے اس شجاعت اور جذبے کی دنیا کی کسی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کی محبت میں جو قربانیاں دی ہیں وہ رنگ لائیں گی، سرینگر اور مقبوضہ جموں میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گا اور پوری ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان سے ہو گا۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا ہے کہ حکومت اس مشن کو مکمل کرنے کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔