لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی آج ملک گیر احتجاج کر رہی ہے، اس دوران تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں دھرنے جاری ہیں۔
اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بجلی ٹیرف میں بے تحاشا اضافے اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف اسلام آباد میں 26 جولائی کو دھرنا دیا جائے گا اور مطالبات کی منظوری تک وہاں سے نہیں اٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے تک عوامی موبلائزیشن جاری رہے گا، ہماری تحریک عوام دشمن بجٹ کے خلاف ہے، اب حکومت کو بجلی کے بھاری بلوں وظالمانہ سلیب سسٹم پر عوام کو ریلیف دینا ہوگا، حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی بلوں میں اضافہ کر رہے ہیں، حکمران اشرافیہ ظالمانہ ٹیکس اور پٹرول کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عوام دشمن اقدامات کے خلاف ’حق دو عوام کو‘ تحریک چلا رہے ہیں، عوامی حقوق کیلئے سڑکوں پر بھی نکلیں گے، عدالت بھی جائیں گے، 26 جولائی کے پرامن دھرنے میں سب کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کی کوئی اخلاقی حیثیت باقی نہیں رہی اور چیف الیکشن کمشنر فوری طورپر استعفیٰ دیں۔