جماعت اسلامی کا 12 جولائی کو ہونے والا دھرنا مؤخر کرنے کا اعلان

Published On 11 July,2024 04:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 12 جولائی کو اسلام آباد میں ہونے والا دھرنا مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا دھرنا 26 جولائی کو ہوگا اور پوری قوت کے ساتھ ہو گا، ہم نے صرف عاشورہ کی وجہ سے تاخیر کی ہے، 26 تاریخ کے دھرنے میں بیک وقت پاکستان سے جلوس چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دھرنوں کا ٹریک ریکارڈ موجود ہے، پیچھے ہٹنے والے نہیں، ہم نے صرف محرم کے احترام میں تاریخ آگے کی ہے، ہم دھرنا ملتوی کر دیتے اور جان چھڑا لیتے لیکن ہم جان چھوڑنے والے نہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم اور زیادہ قوت سے آئیں گے، ہم نے ہر صورت میں دھرنا کرنا ہے، اب میدان سجے گا، حکومت کا کام صرف یہ ہے کہ وہ جمہوری آزادی فراہم کرے، ہمیں لوگوں کیلئے ریلیف لیکر آنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عاشورہ کے فوری بعد پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں جاؤں گا، وکلاء، بارز اور تاجر تنظیموں سے مشاورت کریں گے، ہم پورا چارٹر آف ڈیمانڈ بنا رہے ہیں، یہ چارٹر آف ڈیمانڈ ہمارے دھرنے کی ہوگی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بجلی بلوں میں سلیب سسٹم میں زیادتی اور ظلم کو ختم ہونا چاہیے، یہ بڑے اور طاقتور لوگوں کو نہیں پکڑ سکتے، خیبرپختونخوا کے لوگ اس وقت بالکل تیار بیٹھے ہیں، ہمارا 26 جولائی کو تاریخی دھرنا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف نہیں مل رہا، حکمرانوں کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، اگر حکومت سمجھتی ہے کہ دھرنا نہیں ہونا چاہیے تو عوام کو ریلیف دے۔