راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں رورل ہیلتھ سینٹر پر بزدلانہ حملہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے کری شموزئی کے علاقے میں رورل ہیلتھ سینٹر کے عملے پر اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ سے 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز اور 2 بچوں سمیت 5 افراد شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے رورل ہیلتھ سینٹر میں فوری کلیئرنس آپریشن کیا، سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نائب صوبیدار محمد فاروق اور سپاہی جاوید اقبال شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں چھپے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، معصوم شہریوں خصوصاً خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کی گھناؤنی اور بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔