امیر مقام کی فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے کی شدید مذمت، کارروائی کا مطالبہ

Published On 21 July,2024 07:28 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر امور کشمیر وسیفران انجینئر امیر مقام نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پرافغان شہریوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی حکومت ملوث شر پسند شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ شرپسند عناصر کا پاکستان کے پرچم کو اتارنا ناقابل برداشت ہے، جرمن حکومت شرپسندوں کے خلاف کارروائی کرے۔

امیر مقام نے کہا کہ بیرون ملک مقیم افغان شرپسند چوالیس سالہ میزبانی اور مہمان نوازی کا یہ بدلہ دے رہے ہیں؟ ایک سفارت خانے کی حفاظت میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے، جرمن حکومت عالمی قانون کے مطابق اقدامات کرے، سیاسی مفادات کے لئے بیرون ملک ایسے قابل مذمت اقدام کرنے والے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کے خلاف سازش کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کے پرچم کی توہین کرنے والوں کے لئے ہمارے دل میں کوئی جگہ ہے نہ پاکستانی ایسے عناصر کو معاف کریں گے۔