اسلام آباد(دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پرمارگلہ پہاڑیوں پر تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا،شجرکاری مہم کے دوران 40 لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مارگلہ ہلز شجرکاری کو کامیاب بنانے کیلئے چئیرمین سی ڈی اےمحمدعلی رندھاوا کو ٹاسک دیتے ہوئے مارگلہ ہلز کا اصل حسن بحال کرنے اور پودوں کی حفاظت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردیا۔
محسن نقوی کا مہم کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مارگلہ ہلز پر ہیٹ ویو کے باعث آتشزدگی کے واقعات سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا، مارگلہ ہلز پر لگائے گئے پودوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی ہدایت کردی، آرائشی درختوں کی بجائے پھلدار اور پھول دار پودے لگائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کو مزید سرسبز و شاداب بنائیں گے، شجر کاری کا مقصد مارگلہ ہلز کی جنگلی حیات کی حفاظت اور اس میں اضافہ کرنا بھی ہے، مارگلہ ہلز شجرکاری مہم سے اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔
واضح رہے شجرکاری مہم 60 روز تک جاری رہے گی۔