لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ بجلی بلوں کے معاملے پر حکومت لوگوں کی تکلیف کے ازالے کے لیےکام کر رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے 200 یونٹ والے صارفین کو ریلیف دینے کے لیے 50 ارب روپے دیئے مگر ان معاملات کا دیرپا حل صرف اصلاحات ہیں، ہمیں احساس ہے 60 روپے کے یونٹ پر دکان نہیں چل سکتی اور نہ ہی 40 روپے یونٹ پر گھر چل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز 1994، 2002 اور 2014 میں لگے، 40 خاندانوں والی کہانی میں جو لوگ ہیں وہ 1994 اور 2002 والے ہیں اور ان کا شیئر صرف 80 ارب ہے، اس میں اگر کسی نے چور بازاری کی ہے تو تحقیقات ہونی چاہئیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ جنہوں نے مشکل وقت میں پلانٹس لگائے انہیں ولن نہیں بلکہ ہیرو کے طور پر پیش کرنے کی ضرورت ہے، ان مسائل کے حل کے لیے ان سے بات چیت کرنے کی ضرورت ہے۔