سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 5 دہشتگرد جہنم واصل، کانسٹیبل شہید

Published On 29 July,2024 08:15 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 3 الگ الگ آپریشنز کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع مہمند میں خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، مارے جانے والوں میں فتنہ الخوارج کا خارجی دہشت گرد قاری بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر کے اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ بھی برآمد کر لی گئی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کانسٹیبل ابرار حسین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گیا، شہید کانسٹیبل ابرار حسین ضلع صوابی کا رہائشی تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل میں ایک اور کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، کارروائی کے دوران خارجی صفت اللہ عرف ملا منصور جہنم واصل ہو گیا، کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

خارجی صفت اللہ درابن خودکش حملے سمیت دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھا، ہلاک دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں تیسری کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملک میں قیام امن یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔