عدلیہ مخالف دھمکی کیس: مولانا محمد طاہر سیفی کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Published On 30 July,2024 04:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عدلیہ مخالف دھمکی کیس میں مولانا محمد طاہر سیفی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

پراسیکیوشن نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرنا ہوگا اور مائیکروفون برآمد کرنا ہے۔

اس موقع پر مولانا محمد طاہر سیفی کی تقریر عدالت میں فاضل جج کو سنائی گئی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ تو بہت جوش سے تقریر کرتے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ آپ کی تقریر ہے؟ جس پر ملزم نے اعتراف کیا کہ جی یہ میری ہی تقریر ہے۔

عدالت نے مولانا محمد طاہر سیفی کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، عدالت نے ملزم کو 6 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے کیس کی سماعت کی۔