بلوچستان میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس، گوادر کی صورتحال پر غور

Published On 31 July,2024 04:43 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان اور گوادر کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا۔

خصوصی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر گوادر حمودالرحمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے، اس موقع پر امن و امان اور گوادر میں دوبارہ احتجاج سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ روز تمام صورتحال کنٹرول میں تھی آج دوبارہ مظاہرین کی جانب سے احتجاج شروع ہوا۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا ہے کہ گوادر میں مظاہرین نے ویمن پولیس سٹیشن پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی، 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، مشتعل مظاہرین نے گوادر میں بی اینڈ آر کے دفتر میں جلاؤ گھیراؤ کر کے سرکاری ریکارڈ جلا دیا۔

اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ مظاہرین حکومت اور ریاست کے صبر کا مزید امتحان نہ لیں، احتجاج کے دوران عام غریب عوام کو تکلیف دینا کہاں کی انسانیت ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو نقصان اور فورسز پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے، قانون کے دائرہ کار میں رہ کر احتجاج کرنے پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔