کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں گورننس کا ستیاناس کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے گڈ گورنس کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد بڑا چیلنج گورننس کا نظرآیا، وسائل کی زیادہ تعداد کرپشن کی نظر ہو جاتی ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کو امن وامان، گورننس کے چیلنجز کا سامنا ہے، بلوچستان میں اداروں کو تباہ کیا گیا، ایم پی اے سے سنا ہے کہ میرا ڈی سی کیوں نہیں لگا، ہم نے اپنی گورننس کا بیڑا غرق کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہمارا غیرترقیاتی بجٹ تیزی سے اوپر جارہا ہے، کچھ عرصہ بعد ہمارے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں ہوں گے، اس کے دو ذمہ دار ہیں، ایک سیاست دان اوردوسرا بیوروکریٹس، ہم نے ملکر بلوچستان میں اصلاحات کرنی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیوروکریسی کے ساتھ ملکر بلوچستان کو ٹھیک کریں گے، میرٹ اور احتساب کو یقینی بنائیں گے۔