اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کی معترف ہوں، دولت مشترکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے کردار ادا کرے گی، نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
ینگ انٹرپرینیورز ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا ہے کہ پاکستان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے مواقع ، وسائل اور مدد فراہم کرنے میں نمایاں کام کیا ہے، نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور ملک کے خوشحال مستقبل کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گرم جوش استقبال اور میزبانی پر پاکستانی عوام اور حکومت کی مشکور ہوں، میں نے پاکستانی لباس پہنا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ میں بھی پاکستانی ہوں، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وزیراعظم کی قیادت میں حکومت پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے دولت مشترکہ کے چارٹرڈ کے مطابق نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں ان کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں 60 فیصد نوجوان 30 سال سے کم عمر کے ہیں جبکہ پاکستان میں 65 فیصد نوجوانوں کی عمر 30 سال سے کم ہے، پاکستان ان نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر اور ہنر مند بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتا ہے اور یہ نوجوان دنیاکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا کہ دولت مشترکہ ینگ انٹرپرینیورز اور انوویٹرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے، یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے مستقبل میں بھی کامیابیاں حاصل کریں گے، انہیں تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے تناظر میں اپنے آپ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی اربوں ڈالر کی مارکیٹ ہے جس سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے استفادہ کیا جا سکتا ہے، پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا اور دولت مشترکہ اس میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
دولت مشترکہ کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم محمد شہبازشریف نے نوجوانوں کو مالی طورپر بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کررکھی ہے، چیلنجز کے باوجود ملک کو درست سمت میں گامزن کر دیا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی کی ایڈوائزر افشاں ملک نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ کاروباری نوجوانوں کا عزم وہمت قابل تعریف ہے، یہ نوجوان ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،پاکستان کے دولت مشترکہ کے ساتھ تجارتی و کاروباری تعلقات ہیں، دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کے دورہ پاکستان سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔