اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات کیخلاف کل یوم استحصال منایا جائے گا۔
امیر مقام نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 اور35 اے کو ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے، بھارت کے اس اقدام کو آج 5 سال مکمل ہوگئے ہیں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ 5 اگست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، اڑھائی ہزار زخمی اور 24 ہزار کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، حریت کے دفاتر کو بند کر دیا گیا،2022ء میں پریس کلب کو بھی بند کرادیا گیا، مظالم نہ دبنے اور نہ تھمنے والا سلسلہ جمہوریت کے علمبرداروں نے جاری رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یو این او کی قراردادیں اپنی جگہ قائم و دائم ہیں، ہم آخری دم تک کشمیریوں کو سپورٹ دیتے رہیں گے، ہم یو این او، سلامتی کونسل سے اپیل کرتے ہیں، قراردادوں پر عملدرآمد بھی ہونا چاہئے، فلسطین اور کشمیر میں ظلم وجبر جاری ہے۔
امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔