اسرائیل نے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر دیں، فلسطینیوں جیسی نسل کشی نہیں دیکھی، شیری رحمان

Published On 05 August,2024 06:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ فلسطین میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔

شیری رحمان نے سینیٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ عالمی عدالت نے بھی نیتن یاہو کیخلاف فیصلہ دیا، اب تک چالیس ہزارسے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، فلسطین میں نسل کشی جاری ہے، اس طرح کی نسل کشی کا مظاہرہ زندگی میں نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نےعالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر دیں، اسرائیل اور بھارت کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے، اسرائیل نے ایرانی صدر کی تقریب کے دوران گھس کر حملہ کیا، اسرائیل نےغزہ میں ہر جگہ پربمباری کی ہے، اسرائیل نے پیغام دیا کہ وہ سیز فائر نہیں کرے گا۔

شیری رحمان نے مزید کہاکہ اسرائیل نے ایران میں حملہ کرکے پیغام دیا امن عمل کو کچھ نہیں سمجھتا، اسرائیل نے انسانی بنیادوں پر جانے والے امدادی قافلوں پر بھی حملہ کیا، اسرائیل نے پورے خطے کو غیرمستحکم کر دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو کچھ فلسطین میں ہورہا ہے وہی کچھ کشمیر میں ہورہا ہے، اسرائیل اور بھارت نسل کشی کر رہے ہیں، نسل کشی پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔