لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے درخواست پر فریقین سے کل تک جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے اکمل خان کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی اور جمہوری حق ہے، انتظامیہ نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے، عدالت انتظامیہ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
دوران سماعت جسٹس علی باقر نجفی نے ضلعی انتظامیہ کے وکلاء سے استفسار کیا کہ آپ کسی کو سیاسی ایکٹیویٹی سے کیسے روک سکتے ہیں؟ آپ نے جلسوں کے حوالے سے کوئی پالیسی بنائی ہے؟
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ سیدھا کہہ دیں جلسہ نہیں کرنے دیں گے۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی 14 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے دائر درخواست پر ڈی سی لاہور سمیت دیگر فریقین سے کل تک جواب طلب کر لیا۔