کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ کے نیو بار روم کی کینٹین میں گیس لیکج سے دھماکا ہو گیا، دھماکے کے بعد نیو بار روم اور کینٹین کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے سے سندھ ہائی کورٹ بار روم کی دیواروں کو بھی نقصان پہنچا ہے، بظاہر لگتا ہے دھماکا کینٹین میں گیس لیکج کے باعث ہوا۔
سندھ ہائی کورٹ کی سکیورٹی ٹیم نے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا، بم ڈسپوزل سکواڈ سندھ ہائی کورٹ پہنچ گیا اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ نیو بار روم میں دھماکا صبح سوا 6 بجے ہوا، رات سے کینٹین میں گیس لیک ہو رہی تھی۔
ڈی آئی جی اسد رضا نے کہا کہ صبح عملے نے بجلی کا سوئچ آن کیا تو دھماکا ہو گیا، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کی رپورٹ کے بعد دھماکے کی نوعیت واضح ہو گی۔