لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پی پی پی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں مشکل وقت گزر گیا، اگلا ٹائم پنجاب میں پیپلز پارٹی کا ہے اور اگلا الیکشن بھی پیپلز پارٹی کا ہی ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے آج کے پروگرام کا انعقاد کیا، میں اپنے قائدین کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے پر اعتماد کیا، میرا فرض ہے میں پارٹی کو بحال کرنے کیلئے جدوجہد کروں، میں صبح 9 بجے دفتر پہنچتا ہوں رات دیر تک گھر جاتا ہوں 1997 سے آج تک میں 16 سے 17 گھنٹے کام کرنے کا عادی ہوں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ میں اب مزے میں ہوں اچھی جگہ پر بیٹھ کر جدوجہد کر رہا ہوں، میں آپکی مدد کیساتھ ہی چل رہا ہوں، اکیلا کچھ نہیں ہماری جدوجہد سے پیپلز پارٹی بحال ہو جائے گی، اٹک سے رحیم یار خان تک ایک ہی چیز دیکھی، وہ یہ کہ ہماری صفوں میں اتحاد نہیں ہمیں اپنی ساری طاقت مخالف کے خلاف لگانا ہو گی تب پارٹی بڑھے گی۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ شہیدوں کی شہادت آپ سے یہ ڈیمانڈ کرتی ہے کہ آپ نے بلاؤل کو وزیراعظم بنانا ہے، ایسے لیڈر کی ملک کو ضرورت ہے بلاول بھٹو وزیراعظم بنیں گے تو ہی حالات بہتر ہونگے ۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا کہ میں آپکے ساتھ لاہور کی گلی گلی محلے محلے کونے کونے میں جاؤں گا، آپ اپنے صفوں میں اتحاد پیدا کریں، بینظیر بھٹو نے پنجاب کی مٹی پر اپنا خون دیا اور ہمیں کہا جاتا ہے کہ ہم پنجاب میں کم ہو گئے اب ہم زیادہ ہوتے نظر آئیں گے، ہم نے اسوقت تک ٹھنڈا نہیں ہونا جب تک بلاول وزیراعظم نہیں بنتے۔