ڈھاکہ : (دنیانیوز) پاکستانی ہائی کمشنر سید احمد معروف کی بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات ہوئی ہے۔
ڈھاکہ کے صدارتی محل میں پاکستانی ہائی کمشنر کی چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات ہوئی ، بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر یونس نے پاکستان کے لیے گرمجوشی کے جذبات کا اظہار کیا۔
ہائی کمشنر سید معروف نے بنگلہ دیش کے عوام کے لیے پاکستان کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر یونس بنگلہ دیش کو ایک پرامن اور خوشحال مستقبل کی طرف کامیابی سے لے جائیں گے۔
ڈاکٹر محمد یونس نے نیک خواہشات پر پاکستانی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ۔
یہ بھی پڑھیں :بنگلہ دیش : چیف جسٹس کا مستعفی ہونے کا فیصلہ
دوسری جانب بنگلہ دیش میں موجود 55 پاکستانی طلباء نے 14 اگست تک پاکستانی ہائی کمیشن میں قیام کا فیصلہ کر لیا، بنگلہ دیش میں پاکستانی طلبا کاکہنا ہے کہ 14اگست یوم آزادی پاکستانی ہائی کمیشن میں منائیں گے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی 15 رکنی عبوری حکومت نے حلف اٹھا لیا ہے اور ڈاکٹر محمد یونس کوچیف ایڈوائزر مقرر کیے گئے ہیں ۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد ایک ماہ سے جاری عوامی مظاہروں اور دباؤ کے بعد مستعفی ہوکر ملک سے فرار ہوگئیں تھیں جس کے بعد فوج نے اقتدار سنبھالا اور طلبہ تحریک کے مطالبے پر عبوری حکومت تشکیل دی گئی۔