سرٹیفائیڈ چور، کرپٹ اور نالائق اب ہمیں کرپشن پر لیکچر دیں گے: عظمیٰ بخاری

Published On 11 August,2024 06:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ اللہ کی شان ہے سرٹیفائیڈ چور،کرپٹ اور نالائق اب ہمیں کرپشن پر لیکچر دیں گے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کے میو ہسپتال سے متعلق پراپیگنڈا کرنے کی بجائے اپنے صوبے کے لیڈی ریڈنگ،خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی حالت زار پر فوکس کریں، پنجاب میں آپ کی حکومت نے تو مفت ادویات تک بند کردی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے آتے ہی تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات شروع کیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا پروگرام شروع کیا ہوا ہے، ہمیں گڈ گورننس پر لیکچر دینے سے پہلے اپنے صوبے کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر غور کریں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں لوگوں کو تعلیم اور صحت کی بجائے ریاست مخالف بیانیہ دیا جا رہا ہے، کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کو تشدد اور نفرت پر اکسایا جا رہا ہے، نوجوان نسل کو بغاوت پر اکسانے والا آج اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہے یہ باقیوں کے لیے سبق ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اللہ کی شان ہے سرٹیفکیٹ شدہ چور جن کے اپنے صوبے میں ہسپتال یونیورسٹیاں اور کالجز فنڈز کی عدم دستیابی سے بند ہو رہے ہیں ان کو لاہور کے ہسپتالوں کی فکر پڑی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین تنخواہیں نہ ملنے پر ہر ہفتے احتجاج اور ہڑتالیں کرتے ہیں، خیبر پختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات ملنا تو دور علاج کرنے والے ڈاکٹر دستیاب نہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کے پی حکومت کی کرپشن کی نگرانی کے لیے اڈیالہ جیل کے قیدی نے بیرون ملک مانیٹرنگ ٹیم قائم کی ہے، جس شخص کو بطور وزیراعظم دو مرتبہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کرپٹ ترین وزیراعظم قرار دے چکی ہے اب وہ دوسروں کی کرپشن کی نگرانی کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے اپنے وزراء اور ان کے اراکین اسمبلی ان کی کرپشن اور محکموں میں مداخلت سے نالاں ہیں۔