ترکیہ کیساتھ مشاورت کا ساتواں دور، دفاع، سلامتی بارے تعاون پر اظہار اطمینان

Published On 12 August,2024 09:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور ترکیہ میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اسلام آباد میں ساتواں دور ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی اور ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ نوح یلماز نے قیادت کی، فریقین کی پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں پر مشاورت ہوئی، سیاسی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی و دفاع، آئی ٹی، سیاحت، تعلیم اور قونصلر امور کا جائزہ لیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کثیرالجہتی اور علاقائی فورمز پر پاک ترک تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اعلیٰ سطح کے سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کی اہمیت پر بات چیت ہوئی، دفاع اور سلامتی کے شعبے میں مضبوط تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ مشترکہ منصوبوں اور نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون کے ذریعے اس تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا، سیکرٹری خارجہ نے جموں و کشمیر تنازع پر مستقل اور اصولی حمایت پر ترکیہ کی تعریف کی۔

فریقین نے غزہ میں اسرائیل کی جاری جنگ اور فلسطینی عوام کی نسل کشی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا، فریقین نے فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر خودمختار اور ملحقہ ریاست فلسطین کے قیام کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او اور ڈی 8 سمیت کثیرالجہتی اور علاقائی فورمز پر دو طرفہ روابط اور تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں پر کثیر الجہتی فورمز پر مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ترک وفد نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاک ترک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ مذاکرات اور تعاون کو آگے بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان، ترکی بی پی سی دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا، دونوں ممالک نے کہا کہ تاریخی اور تذویراتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے تعاون کے نئے شعبوں کو تلاش کرنے کا ایک اہم طریقہ کار ہے۔