ڈاکوؤں کے حملے کا بدلہ ضرور لیں گے : آئی جی پنجاب

Published On 23 August,2024 02:06 pm

رحیم یارخان : (دنیانیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کاکہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے حملے کا بدلہ ضرور لیں گے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور شیخ زید ہسپتال پہنچے اور گزشتہ رات ڈاکوؤں کے حملہ میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔

سیکرٹری ہوم پنجاب نورالامین مینگل، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سمیت سینئر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ، آئی جی پنجاب نے ہسپتال میں زیر علاج زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ، انہوں نے زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی ۔

آئی جی پنجاب نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے ملک و قوم کے لئے ہمیشہ عظیم قربانیاں پیش کی ہیں، کچہ ایریا اور سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں، ڈاکوؤں اور شر پسند عناصر کے حملوں کے چیلنجز کا سامنا کیا ہے، پنجاب پولیس کچہ کے ڈاکوؤں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے گی۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی ، سیکرٹری داخلہ نے زخمی اہلکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور حوصلہ بڑھایا۔

سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد دی جائے، سی ٹی ڈی اور پولیس کے تازہ دم دستے کچے کے علاقے میں آپریشن جاری رکھیں گے،  ریاست کی رٹ پوری طرح قائم کی جائے گی۔

 واضح رہے کہ گزشتہ رات کچے کے علاقے ماچھکہ کیمپ میں ڈاکوؤں نے پولیس کے قافلے پر بڑا حملہ کیا تھا ،اس حملے میں 12 اہلکار موقع پر شہید جبکہ 8 زخمی ہوئے تھے۔