پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی، اہلکاروں پرحملے کا مرکزی ملزم بشیرشرماراگیا

Published On 23 August,2024 11:30 am

رحیم یارخان : (دنیانیوز) پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی میں پولیس اہلکاروں پر حملے کا مرکزی ملزم بشیر شر انجام کو پہنچ گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رات گئے جاری پولیس آپریشن میں کچے کے علاقے کا خطرناک ڈاکو بشیر شر کیفر کردار کو پہنچا، بشیر شر گزشتہ روز پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے مرکزی ملزمان میں شامل تھا۔

ترجمان  کاکہنا ہے کہ پولیس کی کارروائی میں ڈاکو بشیر شر کے دو ساتھیوں  ڈاکو  نصیر اور گدی کوش عرف مینا سمیت پانچ ڈاکو زخمی ہوئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا پولیس ٹیم پر حملہ ، 12 اہلکار شہید

آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انورکاکہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث ڈاکوؤں کے قلع قمع کیلئے آپریشن جاری ہے، اہلکاروں پر حملے میں ملوث تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات کچے کے علاقے ماچھکہ کیمپ میں ڈاکوؤں نے پولیس کے قافلے پر بڑا حملہ کیا تھا ،اس حملے میں 12 اہلکار موقع پر شہید جبکہ 8 زخمی ہوئے تھے ۔

یہ بھی پڑھیں :ڈاکوؤں کے حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت ہوگئی

دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال دیگر سینئر افسران کے ہمراہ رحیم یار خان پہنچ چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب ، پنجاب پولیس کی دیگر اعلیٰ قیادت کے ہمراہ کچہ ماچھکہ میں جائے وقوعہ اور پولیس کیمپوں کا دورہ کریں گے۔