اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اظہرمشوانی کے لاپتہ بھائیوں کے کیس میں حکومتی اداروں کی بے حسی کو افسوسناک قرار دیدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اظہر مشوانی کے 2 لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت کا ایک صفحے پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ 6 جون سے لاپتہ اظہر مشوانی کے بھائیوں کا کچھ معلوم نہیں ہو سکا، عدالت نے حکومتی اداروں کی بے حسی کو افسوسناک قرار دے دیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے حکمنامے میں کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ توقع ہے اٹارنی جنرل اس معاملے پر وزیر اعظم سے ملیں گے، حکومت کی جانب سے عدالت کے سامنے کمزور جواب دیا گیا۔
حکم نامے میں مزید لکھا کہ عدالت کو امید نہیں یہاں تک اس ملک کا چیف ایگزیکٹو اس کیس کی طرف توجہ دے گا، فریقین کی طرف سے اس معاملے میں بے حسی افسوسناک ہے، درخواست گزار وکیل کے جزوی دلائل ہو چکے ہیں، آئندہ سماعت پر دستیاب بنچ کے سامنے کیس مقرر کریں۔