اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اظہر مشوانی کے لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مقدمے کی سماعت کی، درخواست گزار اظہر مشوانی کے والد کے وکیل عدالت کے سامنے پیش ہوئے، اس کے علاوہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ اظہر مشوانی کے دونوں بھائی جون سے لاپتہ ہیں، میں اس کیس کو مختلف طریقے سے پروسیڈ کروں گا، میں ایگزیکٹو نہیں جوڈیشل سائیڈ پر ہوں۔
اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے متعلقہ حکام سے ہائی لیول پر رابطہ کیا ہے۔
عدالت نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا آپ سے کوئی رابطہ ہوا ؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ابھی ہم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو ان کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کریں، میں کل کے لئے کیس پر دلائل سنوں گا۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے لاپتہ کارکن فیضان کی بازیابی کے کیس کی سماعت وکیل درخواست گزار بابر اعوان اور اٹارنی جنرل کی عدم دستیابی کے باعث کل تک ملتوی کر دی۔