اسلام آباد: (مریم الہٰی) بچوں کو ہراساں کرنے کا معاملے پر وزیر قانون اعظم نذیر نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بچوں کو ہراساں کرنے کے اعداد و شمار سے وفاق لاعلم ہے۔
ثمینہ ممتاز زہری کی زیر صدرات سینیٹ کی کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت دیگر نے شرکت کی۔
انسانی حقوق کمیٹی میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ بچوں کو ہراساں کرنے سے متعلق کیسز اور ڈیٹا صوبے شیئر نہیں کرتے، چائلڈ پورنوگرافی کے کیسز پر ایف آئی اے ایکشن لیتی ہے، ملک میں بچوں کو ہراساں کرنے کے حوالے سے کیا اعداد و شمار ہیں وفاق اس سے لاعلم ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ میٹا کے ساتھ ملکر بچوں کی آن لائن ہراسمنٹ کے مواد کو روکنے کی ایپ بنائی ہے، یہ ایپ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے کام کرتی ہے، یہ ایپ بچوں کی آن لائن ہراسانی کے مواد کو بلاک کر دیتی ہے۔