لندن: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں برطانیہ کا دورہ کریں گے، میرے دورے کا مقصد پاک برطانیہ باہمی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں نومنتخب 15 پاکستانی دونوں ممالک کے سفیر ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا ک پاکستان کا دورہ انتہائی دلچسپ اور شاندار تھا، پاکستان نئی دولت مشترکہ کے بانی ارکان میں سے ہے، پاکستان دولت مشترکہ کا انتہائی اہم ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے ملی خوبصورت پینٹنگ مالبرا ہاؤس کا حصہ رہے گی، لوگ جب اس پینٹنگ کو دیکھیں گے تو انہیں پاکستان کی خوبصورتی کا احساس ہو گا۔
سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا کہ سال 1999 سے پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش تھی، جلد دوبارہ پاکستان کا دورہ کروں گی۔
اس سے قبل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے پاکستانی لباس زیب تن کر کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔