کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کارساز حادثہ کیس کی مرکزی ملزمہ نتاشہ دانش اور جاں بحق ہونے والے دو افراد کے لواحقین درمیان معاملات طے پا گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ نتاشہ کے اہلخانہ نے آمنہ کے اہلخانہ کو ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد دیت کے طور پر رقم ادا کر دی، رقم کی ادائیگی پے آرڈر کے ذریعے کی گئی جبکہ آمنہ کے کسی رشتے دار کو کمپنی میں ملازمت بھی دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ بھی ملزمہ کی صلح ہو گئی ہے اور زخمیوں کو الگ سے رقم ادا کر دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ فریقین کے درمیان دیت کا معاہدہ شرعی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جاں بحق افراد عمران عارف اور آمنہ عارف کے ورثا کی جانب سے حلف نامہ بھی تیار کروا لیا گیا۔
حلف نامے آج ملزمہ کی درخواست ضمانت کی سماعت میں پیش کیے جائیں گے، ورثا کی جانب سے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ جمع کروایا جائے گا۔
اس کے علاوہ نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ جاں بحق ہونے عمران عارف کی اہلیہ رومانہ عمران، بیٹے اسامہ عارف اور بیٹی عمیمعہ کی جانب سے جمع کروائے جائیں گے۔
حلف نامے کی کاپی کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین نے کہا ہے کہ ہمارے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، ہم نے ملزمہ کو معاف کر دیا ہے، ہم نے اللہ کے نام پر معاف کیا ہے جو بڑا مہربان اور نہایت رحم والا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملزمہ کو ضمانت دینے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں، جو حادثہ ہوا تھا وہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا اور ہم نے بغیر کسی دباؤ کہ یہ نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ دیا ہے، ہم نے حلف نامے میں جو کچھ کہا بالکل درست کہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کارساز حادثہ کیس میں پولیس نے جمع کروائے گئے عبوری چالان میں ملزمہ نتاشہ کے برطانوی ڈرائیونگ لائسنس کو ناقابل قبول قرار دے دیا تھا۔
یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کر لیا تھا۔