کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی پولیس چیف نے سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے 2 لیڈیز سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا۔
کراچی پولیس چیف نے درخشاں تھانے کی لیڈی کانسٹیبل منیما اور فیڈرل بی صنعتی ایریا تھانے کی لیڈی کانسٹیبل فضاء فاطمہ سمیت پریڈی تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل محمد جاوید جمالی، مددگار 15 کے 2 کانسٹیبلز محمد قاسم خٹک اور محمد ذیشان کے علاوہ شاہ فیصل کالونی میں تعینات کانسٹیبل عابد علی کو معطل کر کے متعلقہ زونل ہیڈ کوارٹرز تبادلہ کر دیا۔
کراچی پولیس چیف نے متعلقہ ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ معطل کئے جانے والوں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائیں اور اس حوالے سے اپنائے گئے اقدامات کی رپورٹ ارسال کی جائے۔