اسلام آباد: (دنیا نیوز) لاپتۃ شہری فیضان بازیابی کیس میں ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے لاپتہ شہری فیضان کے والد عثمان خان کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل ایمان مزاری، ہادی چٹھہ اور اسٹیٹ کونسل و پولیس حکام عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیضان کو پیر کی صبح چھوڑ دیا گیا ہے، جس پر عدالت نے پولیس حکام سے استفسار کیا کہ آپ نے اس سے کوئی تفتیش کی؟، کون لے گیا؟ کہاں گیا؟ جس پر پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ جی ابھی تفتیش نہیں کی،ایک وڈیو اپ لوڈ ہوئی تھی۔
عدالت نے تفتیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ وہ وڈیو کہاں سے اپ لوڈ ہوئی؟ اس پر پولیس حکام نے بتایا کہ اس حوالے سے آئی ٹی والوں سے رابطہ کیا ہے۔
جسٹس بابر ستار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 4 روز ہوگئے آپ تفتیش نہیں کر سکے۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو طلب کر کے سماعت میں وقفہ کر دیا۔