پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، گورنرخیبرپختونخوا نے وزیراعظم کو صوبہ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑتی جا رہی ہے، صوبہ کے عوام امن وامان کی دن بدن بگڑتی صورتحال سے عدم تحفظ کا شکار ہیں، صوبہ میں سرکاری ملازمین کے اغوا، پولیس پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لکی مروت، بنوں، ڈی آئی خان، باجوڑ سمیت متعدد اضلاع میں پولیس اہلکار احتجاج کر رہے ہیں، عوام کو تحفظ فراہم کرنیوالی پولیس خود عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر خیبرپختونخوا سے صوبہ کے امن و امان کی موجودہ بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ اور گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مل کر صوبے کے امن و امان یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔