لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماڈرن سبزی و فروٹ منڈی پراجیکٹ کو 18 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ماڈرن سبزی و فروٹ منڈی پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے ماڈرن اینڈ اینوویٹو سبزی و فروٹ مارکیٹ کو ایشیاء کی بہترین منڈی بنانے کی ہدایت کردی۔
پنجاب میں ملک کی پہلی ماڈرن اینڈ اینوویٹو سبزی و فروٹ مارکیٹ کا پراجیکٹ شروع ہو گا جس پر راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ایگرکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کے بعد کارروائی شروع کردی گئی۔
منصوبے کے تحت پاکستان کی پہلی ماڈرن اینڈ اینوویٹو سبزی و فروٹ مارکیٹ3 سو ایکڑ پر بنے گی، جدید سبزی و فروٹ مارکیٹ میں انفراسٹرکچر عالمی معیار کا ہوگا، سبزی و فروٹ مارکیٹ کو ایکسپورٹ زون بنایا جائے گا، کالا خطائی کی ماڈرن اینڈ اینوویٹو سبزی و فروٹ مارکیٹ کو ایکسپورٹ حب بنایا جائے گا۔
سبزی منڈی تک مختلف راستوں سے آمدورفت کے لئے ہر طرف سے رسائی ہوگی، ماڈرن اینڈ اینوویٹو سبزی و فروٹ مارکیٹ میں جی ٹی روڈ گوجرانوالہ اور لاہور سیالکوٹ موٹروے سے ٹرک اور گاڑیاں براہ راست آ جا سکیں گی۔
مزدوروں اورٹھیلے والوں کی آسانی کے لئے میٹرو بس اورسپیڈو بس روٹ کو کالا خطائی سبزی منڈی تک توسیع دی جائے گی، مارکیٹ میں شارٹ ہونے والی سبزیوں خصوصاً ٹماٹر اور پیاز کے لئے کولڈ سٹوریج بھی بنائے جائیں گے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ماڈرن اینڈ اینوویٹو سبزی و فروٹ مارکیٹ میں عوام کوسبزیاں اورپھل ہر وقت سستے داموں دستیاب ہوں گے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کا عزم غیر متزلزل ہے۔